اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے مرکزی فوجی ہیڈکوارٹر قرارگاه مرکزی خاتمالانبیا کے کمانڈر علی عبداللهی نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی مسلح قوت کی آبنائے ہرمز کے قریب آمد یا داخلے کی صورت میں سخت فوجی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی کو یقینی بنا رہا ہے اور اسے مضبوطی سے کنٹرول کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں اور آئل ٹینکرز کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ایرانی مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے بغیر آمدورفت سے گریز کریں تاکہ ان کی سلامتی کو خطرہ نہ ہو۔
علی عبداللهی نے امریکہ پر الزام عائد کیا کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں غیر قانونی سرگرمیوں اور بحری بدامنی میں ملوث ہے، جس سے عالمی تجارت اور معیشت کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور اور سخت جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر امریکہ یا اس کے اتحادیوں نے خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی تو اس کے نتائج سنگین اور ناقابلِ تلافی ہو سکتے ہیں، اور اس سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بحری سلامتی متاثر ہوگی۔
آپ کا تبصرہ